منگلورو :27؍اپریل (ایس اؤ نیوز )دکشن کنڑا ضلع میں پینے کےپانی کامسئلہ سنگین ہوگیا ہے۔ شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی پینے کےپانی کا مسئلہ عوام کو پریشان کررہاہے، اسی طرح ووٹ مانگنے کے دوران مختلف پارٹیوں کے امیدواروں اور کارکنوں کےلئے ’پانی ‘ ایک مسئلہ بن گیا ہے۔
شہر اور دیہاتوں کے لئے تمبے ڈیم کاپانی ہی اہم ذریعہ ہے، ڈیم میں پانی کی سطح کم ہوتےہی ٹینکر پانی کی مانگ میں اضافہ ہواہے۔اونچے مقامات والے علاقوں کواور جہاں پائپ لائن کے ذریعے پانی نہیں پہنچایاجاسکتاہے وہاں ٹینکر کے ذریعے پانی تو سپلائی کیاجارہاہے لیکن مقامی مانگ کے مطابق پانی پہنچانا ممکن نہیں ہوپارہاہے۔ عوام کاکہنا ہے کہ انہی وجوہات کی بنا پر حالات دن بدن سنگین ہوتے جارہےہیں۔
منگلورو مہانگر پالیکا حدود کے سورتکل ، پانڈیشور سمیت پائپ لائن کے ذریعے پانی پہنچنے والے چند علاقوں کو روزانہ قریب 70ٹینکر پانی سپلائی کیاجارہاہے۔ مقامی انتظامیہ کے علاوہ پرائیویٹ ٹینکروں کے ذریعے اپارٹمنٹ، پی جی ، ہاسٹل، ہوٹلوں کو پانی سپلائی کیاجارہاہے۔پالیکے کے افسران نے جانکاری دی کہ شدت کی گرمی کی وجہ سے تمبے ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے ساتھ ساتھ آبی بخابخارات کی مقدار بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
منگلوروپالیکا کے علاوہ اُلال میونسپالٹی ، سومیشور میونسپالٹی ، کوٹیکار پنچایت اور اطراف کے مختلف دیہات میں پینےکےپانی کا مسئلہ سنگین رخ اختیار کرگیا ہے۔ شہر اور دیہی علاقوں کے اکثر کنوئیں سوکھ چکے ہیں، دیہی علاقوں میں دو دن میں ایک مرتبہ صرف آدھے گھنٹے کے لئے پانی سپلائی کیاجارہاہے۔ظاہر ہے ان حالات کے چلتے عوام کے صبر کا پیمانہ ٹوٹنے لگا ہے۔
منگلورو کے شہری سطح پر جہاں کہیں بھی پینےکے پانی کا مسئلہ ہو وہاں کے لوگ کنٹرول روم 0824-2220306-2220303پر رابطہ کیا جاتاہے تو مناسب انتظام کئے جانے کی پالیکا کے کمشنر چن بسپا نے جانکاری دی ۔